اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان کے کلاچی اور شمالی وزیرستان کے دتہ خیل میں فتنۂ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی دو کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان آپریشنز میں 15 دہشت گردوں کی ہلاکت پاک فوج کے غیر متزلزل عزم اور موثر حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہے، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مشن جاری رہے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز مسلسل بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، جن سے پاکستان کے امن کو مضبوط بنیادیں مل رہی ہیں۔
شہباز شریف نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ ملک کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے، جبکہ پوری قوم بھی دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، معاشی استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے امن ناگزیر ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

