اسلام آباد: نادرا نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، بالخصوص برطانیہ میں رہائش پذیر افراد کے لیے اہم سائبر سیکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ ’’Nadra.cardcentre.co.uk‘‘ نامی ویب سائٹ مکمل طور پر جعلی ہے اور سرکاری ادارے نادرا سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ ویب سائٹ تارکین وطن کو شناختی کارڈ، نائیکوپ اور مختلف سرکاری خدمات کی آڑ میں فراڈ کا نشانہ بنا رہی ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق یہ مشکوک پلیٹ فارم صارفین کی ذاتی معلومات، پاسپورٹ و شناختی دستاویزات اور آن لائن ادائیگیوں کو ہتھیانے کے لیے جعلسازی کا سہارا لے رہا ہے، جس سے شہریوں کی شناخت چوری ہونے، مالی نقصان اور دیگر جرائم میں ان کے ڈیٹا کے استعمال کے سنگین خدشات موجود ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ نادرا صرف اپنی آفیشل ویب سائٹس کے ذریعے ہی خدمات فراہم کرتا ہے۔
حکام نے بیرونِ ملک پاکستانیوں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی غیر تصدیق شدہ ویب سائٹ پر اپنے قیمتی ڈیٹا، موبائل نمبرز یا بینک معلومات فراہم نہ کریں۔ سائبر فراڈ میں اضافہ نظر آ رہا ہے اور جعلساز سرکاری ناموں کے استعمال سے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نادرا نے معاملے کی سنگینی کے پیشِ نظر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو باضابطہ شکایت جمع کرا دی ہے اور تحقیقات شروع ہو چکی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسی ویب سائٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ عالمی سطح پر متعلقہ سائبر اداروں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ جعلی پلیٹ فارم کو فوری طور پر بلاک کیا جاسکے۔
خبر کے مطابق نادرا جلد اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کرنے والا ہے تاکہ انہیں یہ باور کرایا جا سکے کہ سرکاری خدمات صرف نادرا کی آفیشل ویب سائٹس اور مراکز کے ذریعے ہی دستیاب ہیں، کسی بھی مشکوک لنک یا پلیٹ فارم پر اندھا اعتماد کرنا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

