امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ سال چین کا دورہ کرنے کا اعلان کردیا۔ امریکی صدر نے چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں بتایا کہ اُن کی شی جن پنگ سے فون پر اچھی اور تعمیری بات چیت ہوئی۔
صدر ٹرمپ کے مطابق شی جن پنگ نے انہیں چین کے دورے کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی ہے، اور وہ اپریل میں چین کا دورہ کریں گے۔ ٹرمپ نے مزید بتایا کہ اس دعوت نامے کے جواب میں انہوں نے بھی چینی صدر کو امریکا کے دورے کی دعوت دی، جسے شی جن پنگ نے قبول کر لیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق چینی صدر آئندہ سال امریکا کا سرکاری دورہ کریں گے۔
اس سے قبل امریکی صدر نے چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک بات چیت کے بعد ایک بیان میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط قرار دیا اور بتایا کہ ان کی چینی صدر سے یوکرین جنگ، تائیوان کے مسئلے اور سویا بین کی خریداری سمیت متعدد اہم امور پر گفتگو ہوئی۔
دوسری جانب چینی میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے تائیوان کے مسئلے پر چین کا مؤقف واضح کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا کہ تائیوان کی چین کے پاس واپسی جنگ کے بعد کے بین الاقوامی نظام (پوسٹ وار انٹرنیشنل آرڈر) کا اہم حصہ ہے۔ چین نے امریکا کو یاد دلایا کہ تائیوان کا مسئلہ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔

