کراچی: بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب سیف سٹی پروجیکٹ کے سافٹ ویئر باکس کی چوری میں ملوث ملزم کو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق 6 نومبر کو بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب سیف سٹی کا سافٹ ویئر باکس چوری کیا گیا تھا، جس کے بعد علاقے کے سیف سٹی کیمرے اتار لیے گئے تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور سراغ رساں ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر اہم شواہد جمع کیے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چوری میں ملوث مفرور ملزم کو اس کے ایک ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے، جب کہ اس واردات میں ملوث ان کے تین ساتھی پہلے ہی حراست میں لیے جاچکے ہیں۔ مزید یہ کہ ملزم کی نشاندہی پر مسروقہ سامان بھی برآمد کرلیا گیا ہے، جب کہ اس سامان کو خریدنے والا کباڑی بھی پولیس کی حراست میں ہے۔
واضح رہے کہ ڈسٹری بیوشن باکس سیف سٹی کیمروں کو مسلسل اور موثر سروس فراہم کرنے کا اہم حصہ ہوتا ہے اور اس میں نصب آلات کی مالیت لاکھوں روپے تک ہوتی ہے۔ پولیس کے مطابق باکس کی چوری نہ صرف قیمتی سامان کے ضیاع کا باعث بنتی ہے بلکہ سیکیورٹی کے نظام میں بھی سنگین خلل پیدا کرتی ہے۔

