بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بالی وڈ کی سینئر اداکارہ ہیما مالنی اپنی بیٹی ایشا دیول کے لیے امیتابھ بچن کے اکلوتے بیٹے ابھیشیک بچن کو داماد بنانے کی خواہشمند تھیں۔
چند ماہ قبل ایک انٹرویو میں ہدایتکار کرن جوہر نے ایشا دیول سے سوال کیا کہ کیا ان کی والدہ ہیما مالنی چاہتی تھیں کہ وہ ابھیشیک بچن سے شادی کریں؟ اس پر ایشا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ان کی والدہ بے حد سویٹ ہیں اور وہ چاہتی تھیں کہ وہ کسی اچھے انسان سے رشتہ جوڑیں۔ اسی لیے انہوں نے اس وقت کے اہل اور مقبول بیچلر ابھیشیک بچن کا نام ان کے سامنے رکھا تھا۔
ایشا دیول نے بتایا کہ وہ ابھیشیک سے شادی نہیں کرنا چاہتی تھیں کیونکہ انہیں ابھیشیک بڑے بھائی کی طرح لگتے تھے، اسی لیے انہوں نے اپنی والدہ سے مؤدبانہ انداز میں معذرت کرلی۔
کرن جوہر نے مزید پوچھا کہ کیا بعد میں ہیما مالنی نے وویک اوبرائے کا نام بھی لیا تھا؟ اس پر ایشا دیول نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ "ماں بہت کچھ سوچ سکتی ہیں، لیکن یقینی طور پر وویک نہیں… وہ میری ٹائپ کے نہیں ہیں۔”
واضح رہے کہ ایشا دیول نے 2012 میں بھرت تختانی سے شادی کی تھی، جبکہ جوڑے کے ہاں 2017 اور 2019 میں دو بیٹیوں کی پیدائش ہوئی۔ بعد ازاں 2024 میں دونوں نے شادی کے 12 سال بعد راہیں جدا کرلی تھیں۔

