بیجنگ: چین میں ایک افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹرین پٹڑی پر کام کرنے والے ریلوے ورکرز پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں 11 کارکن موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 2 زخمی ہوئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ سانحہ جنوبی چین کے صوبے یونان میں پیش آیا، جہاں آزمائشی ٹرین زلزلہ پیما آلات کو جانچنے کے لیے ٹریک پر رواں تھی۔ ٹرین جب ایک موڑ کاٹتے ہوئے آگے بڑھی تو اچانک وہاں موجود ریلوے ملازمین سے ٹکرا گئی، جس کے باعث بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے دونوں ورکرز کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ٹریک پر متاثرہ مقام سے کام مکمل کرکے ریلوے لائن کو بحال کردیا گیا ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔
چینی حکام کے مطابق یہ ٹرین باقاعدہ آپریشنل ٹرین نہیں تھی بلکہ زلزلہ پیما نظام کی جانچ کے لیے استعمال کی جا رہی تھی، اس لیے حادثے کے تکنیکی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔

