مریم نواز کا خصوصی بچوں کے مرکز کا دورہ، بچوں کے ساتھ محبت بھرا وقت — اسکول میل پروگرام کا باضابطہ آغاز
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز لاہور میں خصوصی بچوں کے مرکز کے دورے کے دوران بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں اور ان کے ساتھ خوبصورتی سے وقت گزارا۔ دورے کی متعدد ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جن میں مریم نواز کو بچوں سے بات چیت کرتے، انہیں پیار دیتے اور ان کے ساتھ تصاویر لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دورے کی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر خاص توجہ حاصل کی جس میں ایک خصوصی بچہ مریم نواز سے ملتے ہوئے دور کھڑی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق کو بھی معصومانہ انداز میں آواز دیتا ہے: اُرے آ… تُو وی۔ اس موقع پر بچے کی بات پر وہاں موجود عملہ اور حکومتی شخصیات مسکراتے نظر آئیں جبکہ بچے نے مریم نواز اور ثانیہ عاشق کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
مریم نواز نے ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں پنجاب کے ہر ضلع میں سینٹر آف ایکسیلنس فار اسپیشل ایجوکیشن قائم کیا جا چکا ہے اور آج لاہور میں ایسے ہی ایک مرکز کا افتتاح کرنے کا اعزاز انہیں ملا۔ انہوں نے تھراپی رومز، اسمارٹ کلاس رومز، بریل لرننگ کی سہولیات اور خصوصی بچوں کے فن پاروں کا بھی ذاتی طور پر جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے اسکول میل پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت تین سو تین اسکولوں کے پینتالیس ہزار بچوں کو دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کی غذائی ضروریات پوری ہوں اور تعلیمی کارکردگی بہتر ہو سکے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انہیں خصوصی بچوں کے مسائل کا بخوبی احساس ہے کیونکہ ان کی بہن کا بڑا بیٹا بھی اسپیشل چائلڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بچے گھروں کے لیے رحمت ہوتے ہیں اور خصوصی بچوں کے والدین کی ہمت اور محنت قابل تحسین ہے۔

