کراچی: شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، سات زخمی — مختلف علاقوں میں پولیس کارروائیاں
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں شادی کی ایک تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد جناح اسپتال اور قریبی طبی مراکز میں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق فرد کی لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شادی میں ہوائی فائرنگ کرنے والا شخص واقعے کے فوراً بعد موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ فائرنگ کے بعد علاقے میں موجود مشتعل افراد نے ملزم کی گاڑی کو جلانے کی کوشش بھی کی۔ پولیس ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
ادھر گلشن اقبال میں نجی کورئیر کمپنی کے دفتر میں ڈکیتی کی کوشش پولیس نے بر وقت کارروائی کرکے ناکام بنا دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ گرفتار ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
اسی طرح پاک کالونی میں اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس نے منشیات فروش کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران ملزم سے آئس برآمد کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ملزم کے خلاف منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحہ اور پولیس مقابلے کے دس سے زائد مقدمات پہلے ہی درج ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو امن و امان فراہم کیا جاسکے۔

