اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (IMF) نے پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر منتقل کر دیے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق یہ رقم آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی قسط کی مد میں پاکستان کو موصول ہوئی ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان کو موصول ہونے والے 20 کروڑ ڈالر موسمی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جاری کیے گئے ہیں، تاکہ ملک میں ماحولیاتی اور اقتصادی چیلنجز کے مؤثر مقابلے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کی ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (Extended Fund Facility) کے تحت ایک ارب ڈالر اور ریزلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (Resilience and Sustainability Facility) کے تحت 200 ملین ڈالر کا قرض جاری کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ اس مالی امداد کا مقصد پاکستان کے اقتصادی استحکام کو فروغ دینا اور مالی بحران سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

