پولیس ریکارڈ کے مطابق 2024 اور 2025 کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران ہونے والے گھناؤنے جرائم کے تقابلی جائزے میں مجموعی طور پر 52 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو لاہور میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی واضح علامت قرار دی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ریسکیو ون فائیو پر موصول ہونے والی جرائم سے متعلق کالز میں 73 فیصد نمایاں کمی ہوئی ہے، جب کہ ڈکیتی کی وارداتوں میں 49 فیصد اور راہزنی یعنی اسٹریٹ کرائم کے کیسز میں 73 فیصد کمی رپورٹ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چوری کی وارداتوں میں بھی 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو شہر میں جرائم پیشہ سرگرمیوں کے مجموعی رجحان میں کمی کی نشاندہی کرتی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے اس حوالے سے کہا کہ لاہور میں جرائم کی شرح میں کمی کوئی اتفاقی عمل نہیں بلکہ یہ حکومتی سرپرستی، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور پولیس فورس کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق جدید ٹیکٹکس، کیمروں کے نظام، پیٹرولنگ کے مؤثر پلان اور فوری رسپانس سسٹم نے شہر میں امن و امان کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

