غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مراکش کے شہر فیس میں پیش آیا جہاں ایک عمارت کی چھت پر تقریب جاری تھی جبکہ دوسری عمارت خالی تھی۔ اچانک دونوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں افراد ملبے تلے دب گئے۔
حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی ہے جبکہ 16 زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ادھر حادثے کے بعد اطراف کی عمارتیں احتیاطی طور پر خالی کرا لی گئی ہیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تاحال عمارتوں کے اچانک گرنے کی کوئی واضح وجہ سامنے نہیں آسکی ہے اور نہ ہی ابتدائی طور پر کسی قسم کی کمزوری یا تکنیکی خرابی کی نشاندہی ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق عمارتیں گرنے کے اس افسوسناک واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا عمل جاری ہے اور ماہرین کی ٹیمیں جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔

