اسلام آباد: پاور سیکٹرز کے گردشی قرض سے نجات کی جانب اہم پیشرفت، حکومت نے پاور ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کا قرض ادا کر دیا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا کہ پاور ہولڈنگ کمپنی کے 659 ارب 6 کروڑ روپے قرض کی ادائیگی مکمل کر دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ادائیگی کیپٹل مارکیٹ کے ذریعے کی گئی اور پاکستان کی تاریخ میں ڈیٹ مارکیٹ کی سب سے بڑی سکوک ادائیگی کے طور پر ریکارڈ ہوئی ہے۔
اویس لغاری کے مطابق اس ادائیگی میں پاکستان انرجی سکوک کے 399.6 ارب روپے اور سینڈیکیٹڈ فنانسنگ سہولت میں 259.7 ارب روپے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم 1,225 ارب روپے کے گردشی قرض میں کمی کی جانب ایک بڑا اقدام ہے اور پاور سیکٹر کے مالی نظام کو مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ اس سیٹلمنٹ سے نہ صرف پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کی مضبوطی ظاہر ہوتی ہے بلکہ اسلامی فنانسنگ کے نظام میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی مضبوط ہوا ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام مستقبل میں مالیاتی استحکام اور توانائی کے شعبے میں شفافیت بڑھانے کی سمت میں اہم پیشرفت ہے۔

