اسلام آباد: وفاقی حکومت کے 20 ماہ میں قرضوں میں 12,169 ارب روپے کا اضافہ
وفاقی حکومت کی جانب سے پہلے 20 مہینوں میں لیے جانے والے قرض کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جن کے مطابق مارچ 2024 سے اکتوبر 2025 کے دوران وفاقی حکومت کے قرضوں میں مجموعی طور پر 12,169 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویزات کے مطابق اس عرصے کے دوران وفاقی حکومت کے مقامی قرضے میں 11,300 ارب روپے اور بیرونی قرضے میں 869 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ اکتوبر 2025 تک 76,979 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ فروری 2024 تک یہ قرضہ 64,810 ارب روپے تھا۔
تفصیلات کے مطابق، فروری 2024 تک مرکزی حکومت کا مقامی قرضہ 42,675 ارب روپے تھا، جو اکتوبر 2025 تک بڑھ کر 53,975 ارب روپے ہو گیا۔ اسی طرح، وفاقی حکومت کا بیرونی قرضہ فروری 2024 تک 22,134 ارب روپے تھا، جو اکتوبر 2025 تک بڑھ کر 23 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔
اس اضافہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ 20 ماہ میں وفاقی حکومت نے مقامی اور بیرونی قرضوں کے ذریعے ملکی مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈز کا انحصار کیا۔

