غزہ: حماس کے سینئر کمانڈر رائد سعد اسرائیلی حملے میں شہید
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے تصدیق کی ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے میں اس کا سینئر کمانڈر رائد سعد شہید ہو گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق، وزیراعظم نیتن یاہو کے احکامات پر اسرائیلی فوج نے ایک روز قبل غزہ شہر میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید اور 25 سے زائد زخمی ہوئے۔ اسرائیل نے اس حملے میں حماس کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
حماس کے سربراہ خلیل الحیہ نے ویڈیو بیان میں رائد سعد کی شہادت کی تصدیق کی اور غزہ پر اسرائیلی فوج کے مسلسل حملوں کو جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے عالمی برادری اور خاص طور پر امریکہ پر زور دیا کہ وہ قابض اسرائیل کو معاہدے کی پاسداری پر مجبور کرے۔ رائد سعد کی شہادت اکتوبر میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد فلسطینی تنظیم کی کسی اعلیٰ شخصیت کی سب سے نمایاں شہادت قرار دی جا رہی ہے۔
غزہ کی مقامی حکام کے مطابق 10 اکتوبر سے نافذ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے غزہ پر روزانہ حملے جاری ہیں، اور جنگ بندی کے بعد تقریباً 800 حملے کیے جا چکے ہیں جن کے نتیجے میں 386 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں، اسرائیل غزہ میں انسانی امداد کی آزادانہ ترسیل میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، جو جنگ بندی کی شرائط کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھاری اکثریت سے ایک قرارداد منظور کی، جس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی اجازت دے، اقوام متحدہ کی تنصیبات پر حملے بند کرے اور بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرے۔

