آسٹریلیا نے ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا، دو تبدیلیاں شامل
آسٹریلیا نے ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے، جس میں دو اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق کپتان پیٹ کمنز کی پلیئنگ الیون میں واپسی ہو گئی ہے، جبکہ تجربہ کار اسپنر نیتھن لیون کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پیٹ کمنز کمر کی تکلیف کے باعث ایشیز سیریز کے ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں شرکت نہیں کر سکے تھے، تاہم اب وہ مکمل طور پر فٹ ہو چکے ہیں اور تیسرے ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ نیتھن لیون کی واپسی سے آسٹریلوی بولنگ اٹیک کو مزید تقویت ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب مائیکل نیسر اور برینڈن ڈوگٹ کو پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا گیا، جبکہ عثمان خواجہ کو ایک بار پھر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ عثمان خواجہ پہلے پرتھ ٹیسٹ کے دوران کمر کی تکلیف کا شکار ہو گئے تھے، تاہم اب وہ مکمل صحتیاب ہو چکے ہیں، اس کے باوجود انہیں ٹیم میں جگہ نہیں مل سکی۔
واضح رہے کہ ایشیز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ کل سے ایڈیلیڈ میں شروع ہو گا۔ پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل اس سیریز میں آسٹریلیا کو انگلینڈ کے خلاف دو صفر کی برتری حاصل ہے، اور میزبان ٹیم اس میچ میں کامیابی حاصل کر کے اپنی پوزیشن مزید مضبوط کرنے کی کوشش کرے گی۔

