وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پروگرام "شاہزیب خانزادہ کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو اس کے بانی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا رویہ بہتر ہوا ہے اور اگر پی ٹی آئی والے جیل کے قواعد و ضوابط کی پاسداری کریں تو ملاقات ممکن ہو سکے گی۔
عطا تارڑ نے وضاحت کی کہ سابق وزیراعظم نواز شریف جیل میں تھے تو ان کے وکلا کبھی سیاسی بات نہیں کرتے تھے بلکہ صرف کیسز پر توجہ دیتے تھے، جبکہ تحریک انصاف کے کارکنان سیاسی گفتگو کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر جیل کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی تو ملاقات بند کر دی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا ناشتہ غریب چار دن کے کھانے کے برابر ہے اور جیل میں انہیں ٹریڈ مل دستیاب ہے، جبکہ وہ روزانہ ڈیڑھ گھنٹہ سائیکلنگ بھی کرتے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کی کال پر اب عوام باہر نہیں نکلتے، حتیٰ کہ خیبرپختونخوا میں ان کی حکومت ہونے کے باوجود کارکنان عوامی مظاہروں میں حصہ نہیں لے پا رہے۔ ان کے بقول، پی ٹی آئی کے ووٹر مایوس ہو کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں۔

