آسٹریلیا کو تیسرے ایشیز ٹیسٹ سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا، کیونکہ اسٹار بیٹر اسٹیو اسمتھ کان میں مسئلے کے باعث ٹیم سے باہر ہو گئے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق اسٹیو اسمتھ کان کے اندرونی حصے میں شدید تکلیف کے باعث فٹنس ٹیسٹ میں ناکام رہے اور ٹاس سے صرف 20 منٹ قبل میدان چھوڑ کر واپس روانہ ہو گئے۔ اس صورتحال نے ٹیم مینجمنٹ کو آخری لمحات میں فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ اس غیر متوقع صورتحال کے بعد عثمان خواجہ کو فوری طور پر اسکواڈ میں واپس بلا لیا گیا۔ عثمان خواجہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کرتے ہوئے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کی ذمہ داری سونپی گئی، جبکہ وہ اسٹیو اسمتھ کی جگہ ٹیم کا حصہ بنے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بتایا کہ اسٹیو اسمتھ نے آج صبح کھیلنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ مکمل طور پر فٹ محسوس نہیں کر رہے تھے، اسی لیے انہیں گھر واپس بھیج دیا گیا۔ پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ٹیم خوش قسمت ہے کہ عثمان خواجہ جیسے تجربہ کار بیٹر دستیاب تھے، جو فوری طور پر ٹیم میں شامل ہو سکتے تھے۔
آسٹریلیا نے ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کیا اور ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر عثمان خواجہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 82 رنز کی اہم اننگز کھیلی، انہوں نے 126 گیندوں کا سامنا کیا اور 10 چوکے لگائے۔
میچ کے دوران آسٹریلیا کی ابتدائی بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی اور صرف 94 رنز پر چار وکٹیں گر گئیں۔ اس نازک موقع پر عثمان خواجہ نے وکٹ کیپر بیٹر الیکس کیری کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 91 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی، جس سے ٹیم کو سہارا ملا۔
یاد رہے کہ عثمان خواجہ پہلے ٹیسٹ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہو گئے تھے، جس کے باعث انہیں دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا تھا، تاہم اسٹیو اسمتھ کی اچانک انجری کے بعد انہیں ٹیم میں واپس شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل ایشیز سیریز میں میزبان آسٹریلیا کو دو صفر کی برتری حاصل ہے، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم سیریز میں واپسی کے لیے سخت دباؤ میں ہے۔

