رحیم یار خان: جمال دین والی کے علاقے میں شدید دھند کے باعث بس الٹنے کا افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ علی الصبح اس وقت پیش آیا جب جمال دین والی کے قریب حدِ نگاہ نہ ہونے کے باعث ایک بس بے قابو ہو کر سڑک سے اتر گئی اور گہرے گڑھے میں جا گری۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق علاقے میں شدید دھند چھائی ہوئی تھی جس کے باعث ڈرائیور کو سامنے کا منظر واضح طور پر دکھائی نہ دیا اور بس حادثے کا شکار ہو گئی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر رحیم یار خان ڈاکٹر لیاقت چوہان کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 15 افراد کو فوری طور پر شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد کا حتمی تعین کیا جا رہا ہے اور تمام زخمی تاحال زیر علاج ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق بس میں ایک مقامی مل کے ورکرز سوار تھے جو کام پر جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی جبکہ پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے تاہم ابتدائی طور پر شدید دھند کو حادثے کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
شہریوں اور مسافروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دھند کے موسم میں شاہراہوں پر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔
#رحیم_یار_خان #جمال_دین_والی #بس_حادثہ #دھند #ریسکیو_آپریشن #شیخ_زید_ہسپتال #RahimYarKhan #BusAccident #Fog #Rescue #SheikhZayedHospital

