اطالوی وزیرِاعظم جورجیا میلونی اور موزمبیق کے صدر ڈینیئل چاپو کی ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان قد کا غیر معمولی فرق صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
یہ ملاقات جمعرات کو اٹلی کے دارالحکومت روم میں واقع وزیراعظم ہاؤس پلازو کیجی میں ہوئی۔ ملاقات کے دوران توانائی، تجارت اور دوطرفہ تعاون جیسے اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی، تاہم سیاسی اور سفارتی ایجنڈے کے بجائے دونوں رہنماؤں کے قد کا فرق خبروں اور سوشل میڈیا پر زیادہ زیرِ بحث رہا۔
کیمرے کی آنکھ نے جب ملاقات کے لمحات محفوظ کیے تو اطالوی وزیرِاعظم جورجیا میلونی کے چہرے پر حیرت کے تاثرات نمایاں دکھائی دیے۔ تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ موزمبیق کے صدر ڈینیئل چاپو اطالوی وزیرِاعظم کے مقابلے میں کہیں زیادہ طویل قامت ہیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے اور مزاحیہ ردعمل دینا شروع کر دیے۔

اطلاعات کے مطابق موزمبیق کے 48 سالہ صدر ڈینیئل چاپو کا قد 6 فٹ 8 انچ ہے، جبکہ اطالوی وزیرِاعظم جورجیا میلونی کا قد 5 فٹ 2 انچ بتایا جاتا ہے۔ دونوں رہنماؤں کی ایک ساتھ لی گئی تصاویر میں یہ فرق نمایاں طور پر نظر آیا، جس نے ملاقات کو عالمی میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر غیر معمولی توجہ دلا دی۔
اگرچہ ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا تھا، تاہم عوامی اور سوشل میڈیا سطح پر اس ملاقات کو زیادہ تر قد کے فرق کے تناظر میں ہی دیکھا جا رہا ہے۔

