بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے کے واقعے پر شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں، جبکہ اس معاملے پر بھارت میں انسانی حقوق کی تنظیموں، اپوزیشن جماعتوں اور سماجی حلقوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے اس واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی عوامی عہدے دار کی جانب سے کسی خاتون کا حجاب یا نقاب زبردستی ہٹانا عورت کی عزت، شناخت اور خودمختاری پر براہِ راست حملہ ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق ایسے اقدامات نہ صرف خواتین کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ معاشرے میں خوف اور عدم تحفظ کو بھی بڑھاتے ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کا کہنا تھا کہ سرکاری عہدے پر فائز شخص سے اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی توقع نہیں کی جا سکتی، اور اس واقعے نے بھارت میں اقلیتی خواتین کے تحفظ سے متعلق سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ تنظیم نے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف فوری، شفاف اور غیر جانبدار کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب بھارت میں انسانی حقوق کے متعدد رہنماؤں اور سماجی کارکنوں نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک تقریب کے دوران مسلمان خاتون ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والا سلوک نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اقلیتوں خصوصاً مسلمان خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی رویوں کی عکاسی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں ایک سرکاری تقریب کے دوران بی جے پی کے اتحادی اور بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اپائنٹمنٹ لیٹر وصول کرنے والی ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ دیا تھا، جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
واقعے کے بعد نتیش کمار کے خلاف ہراسمنٹ کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ اپوزیشن جماعت کانگریس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کی بے شرمی دیکھیں کہ اپائنٹمنٹ لیٹر لینے آئی ایک خاتون ڈاکٹر کا حجاب اتار دیا گیا، یہ بدتمیزی ناقابلِ معافی ہے اور اس پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف نتیش کمار کی سیاسی ساکھ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے بلکہ آنے والے دنوں میں بہار کی سیاست میں بھی ایک نیا تنازع کھڑا کر سکتا ہے۔
#بہار #نتیش_کمار #مسلم_خاتون #حجاب #انسانی_حقوق #ایمنسٹی_انٹرنیشنل #پٹنہ #کانگریس
#Bihar #NitishKumar #MuslimWoman #Hijab #HumanRights #AmnestyIndia #Patna #India

