انڈونیشیا: انڈونیشیا کے ایک سفاری پارک میں پہلی بار پانڈا کے بچے کی پیدائش ہوئی ہے، جسے کنزرویشن کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی جاوا کے علاقے میں واقع تمن سفاری کنزرویشن پارک نے پانڈا کے نر بچے کی پیدائش کا اعلان کیا ہے۔ پارک انتظامیہ نے بتایا کہ بچے کا نام ستریو ویراتاما عرف ریو رکھا گیا ہے، جس کا مطلب ہیرو ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے نوزائیدہ پانڈا کی تصاویر اور ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں ریو کو ایک انکیوبیٹر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں اور عالمی سطح پر توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
پارک حکام کے مطابق ریو کی صحت تسلی بخش ہے اور اس کے وزن میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت چند ہفتوں تک اسے عوامی نمائش سے دور رکھا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ریو کے والدین کو 2017 میں چین کے ساتھ 10 سالہ تحفظاتی شراکت داری کے تحت انڈونیشیا لایا گیا تھا، جسے چین کی پانڈا ڈپلومیسی کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔

