رپورٹ کے مطابق یہ ولاز نُجوما (Nujuma) میں واقع ہیں، جو سعودی عرب کی مین لینڈ سے تقریباً 26 کلومیٹر دور ہے۔ اس مقام تک رسائی صرف چارٹرڈ کشتی یا نجی جہاز کے ذریعے ممکن ہے، جس کے باعث یہ علاقہ انتہائی نجی، پُرسکون اور محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز نے یہاں دو ولاز خریدے ہیں۔ ایک ولا تین بیڈ رومز پر مشتمل ہے جو پورے خاندان کے مستقل استعمال کے لیے رکھا گیا ہے، جبکہ دوسرا ولا دو بیڈ رومز پر مشتمل ہے جو نجی اور مختصر قیام کے لیے خریدا گیا ہے۔
دنیا کے پہلے کھرب پتی فٹبالر بننے کے بعد رونالڈو نے سعودی عرب میں یہ دو لگژری ولاز خریدے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس لگژری ریزورٹ میں مجموعی طور پر صرف 19 نجی ولاز موجود ہیں، جو عالمی معیار کے ڈیزائن، خصوصی سہولتوں اور قدرتی ماحول کی وجہ سے دنیا بھر میں خاص شہرت رکھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان ولاز کی ابتدائی قیمت ایک کروڑ 55 لاکھ سعودی ریال بتائی جا رہی ہے، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ رونالڈو نے دونوں ولاز کے لیے مجموعی طور پر کتنی رقم ادا کی ہے۔
ولاز خریدنے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ جب وہ اور جارجینا پہلی بار یہاں آئے تو فوراً اس جزیرے اور اس کی قدرتی خوبصورتی سے ایک خاص تعلق محسوس ہوا۔ ان کے مطابق یہ ایسی جگہ ہے جہاں انہیں حقیقی سکون ملتا ہے، اور اب یہاں اپنا گھر ہونے کی وجہ سے وہ جب چاہیں اطمینان کے ساتھ خاندان کے ہمراہ معیاری وقت گزار سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال سعودی کلب النصر کی نمائندگی کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے مستقل طور پر سعودی عرب میں رہنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تھا، اور ان ولاز کی خریداری کو اسی فیصلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

