بھارت کے ون ڈے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ وجے ہزارے ٹرافی میں تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔
بدھ کو کھیلے گئے میچ میں وجے ہزارے ٹرافی کے دوران بہار اور اروناچل پردیش کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، جہاں بہار کے کپتان ثاقب الغنی نے شاندار اور دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا۔ ثاقب الغنی نے صرف 32 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے وجے ہزارے ٹرافی کی تاریخ میں تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اس کارنامے کے ساتھ ہی ثاقب الغنی لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والے بھارتی بیٹر بن گئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر یہ لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ کی تیسری تیز ترین سنچری ہے۔ ان کی اننگز نہ صرف رفتار بلکہ جارحانہ اسٹروکس کے باعث بھی یادگار ثابت ہوئی۔
بہار کے کپتان نے اروناچل پردیش کے خلاف 40 گیندوں پر ناقابل شکست 128 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 12 چھکے شامل تھے۔ ان کی بیٹنگ نے میچ کا پانسہ یکطرفہ کر دیا اور حریف بولرز کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔
ثاقب الغنی کے علاوہ بہار کے دیگر بیٹرز نے بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ویبہو سوریاونشی نے 84 گیندوں پر 190 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جبکہ ایوش لوہاروکا نے 56 گیندوں پر 116 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی اسکور کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
ان شاندار انفرادی کارکردگیوں کے نتیجے میں بہار کی ٹیم نے لسٹ اے کرکٹ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 50 اوورز میں 574 رنز اسکور کیے، جو کہ ون ڈے طرز کی کرکٹ میں اب تک کا سب سے بڑا مجموعی اسکور ہے۔
واضح رہے کہ لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ تاحال آسٹریلیا کے جیک فریزرمک گروک کے پاس ہے، جنہوں نے 2023 میں محض 29 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے تاریخ رقم کی تھی، تاہم ثاقب الغنی کی اننگز نے اس فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے بھارتی کرکٹ کے لیے ایک اور یادگار لمحہ رقم کر دیا ہے۔

