متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کل پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر اماراتی صدر پاکستان پہنچیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اپنے دورۂ پاکستان کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی و ریاستی شخصیات سے ملاقاتیں شیڈولڈ ہیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا جائے گا، جبکہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان برادرانہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، جاری منصوبوں اور مستقبل کے تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
اماراتی صدر کے دورے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ کل بروز جمعہ اسلام آباد میں تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

