کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ایسے لوگوں سے مذاکرات نہیں کرنے چاہئیں جو پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔
بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزارِ قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم اور طاقتور ملک بن چکا ہے اور اب معیشت کے محاذ پر بھی معرکہ سر کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے چاہا تو جس طرح پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ جیتی ہے، اسی طرح معیشت کی جنگ بھی جیت لی جائے گی۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ عالمی جریدے اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ پاکستان کامیاب جبکہ بھارت شکست خوردہ ثابت ہوا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان آج دنیا کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور فیلڈ مارشل کی دوٹوک اور واضح پالیسیوں نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مضبوط مقام دلایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہترین عسکری حکمتِ عملی نے نہ صرف ملک کا اعتماد بحال کیا بلکہ دنیا میں پاکستان کے وقار میں بھی اضافہ کیا، اور آج اس فتح کا سہرا فیلڈ مارشل کے سر جاتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوست مذاکرات کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں اور اڈیالہ میں بیٹھا شخص غرور میں مبتلا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر سے مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں جو ملک کی ترقی اور استحکام کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہوں۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان آج سعودی عرب میں محافظ کا کردار ادا کر رہا ہے اور کئی برسوں بعد افغانستان کے معاملے پر بھی پاکستان نے ایک دو ٹوک اور واضح پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق سال 2025 پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، کیونکہ پاکستان کو دنیا میں ایک فاتح قوم کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی اڑان بھرنے کے لیے ایسے فیصلے کر رہا ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں میں نہیں کیے گئے تھے اور ان فیصلوں کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

