لاہور: قومی ائیرلائن کی نجکاری کے معاملے میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی نے عارف حبیب کنسورشیم میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
کنسورشیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں تصدیق کی گئی کہ فوجی فرٹیلائزر اب عارف حبیب کنسورشیم کا حصہ بن گئی ہے، اور یہ شراکت ائیرلائن کی مالی معاونت اور کارپوریٹ مہارت میں اضافہ کرے گی۔ اعلامیے کے مطابق کنسورشیم نے 135 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی کے ذریعے پی آئی اے کے 75 فیصد حصص حاصل کیے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ فوجی فرٹیلائزر اب کنسورشیم کے انتظامی ڈھانچے کا حصہ ہوگی اور زمینی آپریشنز کی اپ گریڈیشن پر پہلے سال میں 125 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری میں عارف حبیب کنسورشیم نے سب سے زیادہ بولی لگا کر 75 فیصد حصص خریدے، جبکہ دوسرے نمبر پر لکی کنسورشیم نے 134 ارب روپے کی بولی دی تھی۔ اس اقدام کے بعد قومی ائیرلائن کے مالی اور انتظامی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر تبدیلی متوقع ہے۔

