پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیمیں بیچنے کے لیے ٹیکنیکل ایویلیوایشن مکمل کر لی ہے۔
پی سی بی کے مطابق دنیا بھر سے 2 نئی ٹیموں کے لیے مجموعی طور پر 12 بولیاں موصول ہوئی تھیں، جن کا تکنیکی جائزہ بولی کمیٹی نے مکمل کیا۔ اس جانچ پڑتال کے بعد 10 پارٹیاں تکنیکی معیار پر پورا اترنے کے باعث اہل قرار دی گئی ہیں، جبکہ 2 بولیاں مسترد کر دی گئیں۔
اہل پارٹیاں اب نیلامی کے مرحلے میں حصہ لیں گی، جو 8 جنوری 2026 کو اسلام آباد میں جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔ اس نیلامی کے ذریعے کامیاب پارٹیاں اپنی نئی ٹیموں کے نام منتخب کریں گی، جو راولپنڈی، حیدرآباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے کسی ایک شہر کے مطابق ہوں گے۔
پی ایس ایل کی اس توسیعی حکمت عملی کا مقصد لیگ کی مقبولیت میں اضافہ، نئی مارکیٹوں تک رسائی اور مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

