باجوڑ میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر عدیل زمان کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدیل زمان شہید کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی، جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ، کور کمانڈر پشاور، اعلیٰ عسکری حکام اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
نمازِ جنازہ کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میجر عدیل زمان شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں اور قوم ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور قوم یکجا ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ میجر عدیل زمان شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان میں سپردِ خاک کیا جائے گا، جہاں انہیں ان کے آبائی علاقے میں آخری سلام پیش کیا جائے گا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے زخمی اہلکاروں کی جرأت، استقامت اور پیشہ ورانہ عزم کو سراہتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، اور شہداء و غازیوں کی عظیم قربانیاں اس قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی رہیں گی۔

