خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ایک کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی اسپانسرڈ 5 خوارج کو ہلاک کر دیا، تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پاک فوج کے بہادر افسر میجر عدیل زمان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن باجوڑ کے علاقے خار میں خوارج کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں بھارتی اسپانسرڈ 5 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر عدیل زمان شہید ہو گئے۔ شہید میجر عدیل زمان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا اور وہ ایک بہادر، پیشہ ور اور فرض شناس افسر کے طور پر جانے جاتے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر عدیل زمان نے آپریشن کے دوران فرنٹ لائن سے جوانوں کی قیادت کی اور دشمن کا بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے بہادری سے لڑے۔ انہوں نے دشمن کے خلاف کارروائی میں نمایاں کردار ادا کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور شہریوں کے قتل جیسے سنگین جرائم میں بھی شامل رہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط بناتی رہیں گی۔

