فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
القسام بریگیڈز کے نئے ترجمان کی جانب سے آج جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ سمیت تنظیم کے کئی سینئر کمانڈر شہید ہو چکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ شہادتیں غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران ہوئیں۔
نئے ترجمان کے مطابق اسرائیلی حملوں میں القسام بریگیڈز کے اہم قائدین محمد السنوار، رائد سعد، محمد شبانہ اور حکم العیسیٰ بھی شہید ہو گئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ تمام رہنما مزاحمتی جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کر رہے تھے اور ان کی قربانیاں فلسطینی مزاحمت کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
بیان میں پہلی مرتبہ ابو عبیدہ کو ان کے اصل نام حذیفہ الکحلوت کے نام سے متعارف کروایا گیا۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ یحییٰ السنوار کے بھائی محمد السنوار، القسام بریگیڈ کے سابق سربراہ محمد الضیف کی شہادت کے بعد القسام بریگیڈ کے سربراہ تھے اور وہ بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہو چکے ہیں۔
حذیفہ الکحلوت القسام بریگیڈز کے میڈیا ونگ الاعلام العسکری کے سربراہ بھی تھے۔ انہوں نے نہ صرف طویل عرصے تک القسام بریگیڈز کے ترجمان کے طور پر خدمات انجام دیں بلکہ تنظیم کے میڈیا ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھی مرکزی کردار ادا کیا۔
القسام بریگیڈز کے نئے ترجمان کو بھی ابو عبیدہ کے نام سے ہی متعارف کروایا گیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حذیفہ الکحلوت نے اپنی شہادت کے بعد اپنا لقب ابو عبیدہ مزاحمتی تحریک کے نام چھوڑ دیا ہے، جو اب ان کی جدوجہد اور پیغام کی علامت کے طور پر زندہ رہے گا۔ حماس کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان میں بھی نئے ترجمان کا نام ابو عبیدہ ہی بتایا گیا ہے۔
بیان کے مطابق حذیفہ الکحلوت نے 20 سال سے زائد عرصے تک القسام بریگیڈز کے ترجمان کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں۔ اس دوران انہوں نے نہایت مشکل حالات میں عالمی میڈیا کے سامنے فلسطینی مزاحمت کا مؤقف پیش کیا اور القسام بریگیڈز کے پیغام کو دنیا تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے رواں سال اگست میں ابو عبیدہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم اس وقت ان کی شہادت کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔ اب القسام بریگیڈز کے تازہ بیان کے بعد ان کی شہادت کی باضابطہ تصدیق سامنے آ گئی ہے۔
