نامور برطانوی ہیوی ویٹ باکسر انتھونی جوشوا نائیجیریا میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے دوران زخمی ہو گئے، جبکہ حادثے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
نائیجیرین پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب انتھونی جوشوا کی گاڑی سڑک کنارے کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی شواہد کے مطابق گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
حادثے کے نتیجے میں برطانوی باکسر انتھونی جوشوا کو معمولی نوعیت کے زخم آئے، تاہم انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق انتھونی جوشوا کو احتیاطی تدابیر کے طور پر زیرِ نگرانی رکھا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے دونوں افراد انتھونی جوشوا کی ٹیم کے رکن تھے، جو ان کے ہمراہ سفر کر رہے تھے۔ حادثے میں ان کی ہلاکت پر کھیلوں کی دنیا میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
انتھونی جوشوا کی ٹیم اور قریبی ذرائع نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا ہے، جبکہ باکسر کی جانب سے بھی اپنے ساتھیوں کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد نائیجیرین حکام نے جائے حادثہ کو محفوظ بنا کر تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے۔

