چترال کے علاقے گہریت گول میں ایک غیر ملکی شکاری نے کشمیری مارخور کا شکار کر لیا ہے۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق ایک روسی شکاری نے مارخور کے شکار کا لائسنس 68 ہزار امریکی ڈالر میں حاصل کیا تھا۔ محکمہ کے مطابق شکار کیے گئے مارخور کے سینگوں کی لمبائی 41 انچ ہے۔
محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ مارخور کا یہ شکار کمیونٹی بیسڈ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت کیا گیا ہے، جس سے حاصل ہونے والی آمدن کا بڑا حصہ مقامی آبادی کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنانا اور مقامی لوگوں کو معاشی فوائد فراہم کرنا ہے۔

