2025 کا سورج غروب ہونے میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 2026 کے استقبال کے لیے جشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
نیا سال سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں طلوع ہوگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق آکلینڈ میں آج شام 4 بجے اور آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں شام 6 بجے نئے سال کو خوش آمدید کہا جائے گا۔
دنیا کے دیگر بڑے شہروں میں بھی سال نو کی تقریبات کی تیاریاں مکمل ہیں۔ دبئی میں برج خلیفہ پر رات 12 بجے شاندار آتش بازی اور لائٹ شو ہوگا، نیویارک کے ٹائم اسکوائر میں رات 2 بجے بال ڈراپ تقریب منعقد کی جائے گی، جبکہ لندن اور پیرس میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 4 بجے سال نو کا جشن منایا جائے گا۔
روایتی کاؤنٹ ڈاؤن کے دوران بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو کر نئے سال کے لیے دعائیں مانگیں گے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دیں گے۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں نیو ایئر ٹی پارٹی کے موقع پر روایتی اوپرا پیش کیا جائے گا۔
ادھر پاکستان میں بھی اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں سال نو کے جشن کی تیاریاں جاری ہیں۔ مختلف مقامات پر آتش بازی کے مظاہرے کیے جائیں گے، جبکہ کراچی میں رات 12 بجتے ہی گورنر ہاؤس سندھ میں خصوصی آتش بازی کے ذریعے نئے سال کا استقبال کیا جائے گا۔

