ٹیکس آفس پشاور نے ضلع صوابی کے علاقے انبار میں کارروائی کے دوران لاکھوں کلوگرام تمباکو کا بھاری ذخیرہ برآمد کر لیا۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران جی ایل ٹی یونٹ مکمل طور پر فعال حالت میں پایا گیا، جہاں سے تمباکو قبضے میں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق برآمد شدہ تمباکو میں شامل ہیں:
- 5 لاکھ 14 ہزار 596 کلو ہینڈ اسٹیمڈ لیمینا
- 35 ہزار 280 کلو تمباکو اسٹیم
- 74 ہزار 800 کلو گرین لیف
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ برآمد شدہ تمباکو ایک نجی ٹوبیکو کمپنی کے نام پر موجود تھا، جبکہ یونٹ کے مالک کی شناخت ربنواز کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر گودام اور تمام مشینری کو سیل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں اربوں روپے کی ٹیکس چوری سامنے آئی ہے، اور غیر قانونی تمباکو مینوفیکچرنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
یہ کارروائی خصوصی عدالت سے حاصل کردہ سرچ وارنٹ کے تحت عمل میں لائی گئی، اور اس کیس میں مزید قانونی کارروائی اور تفصیلی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

