کوٹ رادھا کشن کے فیروز دین تاک میموریل چرچ میں نامعلوم افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ قصور پولیس کے مطابق یہ مقدمہ چرچ گھنیکے کے انچارج طارق مسیح کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق انچارج طارق مسیح نے بتایا کہ کل صبح 4 بجے چرچ عبادت کے لیے کھولا تو مین دروازے کی جالیاں ٹوٹی ہوئی تھیں، مقدس کتابیں پھاڑ کر نیچے گرائی گئی تھیں، کراس مروڑا ہوا تھا جبکہ چرچ میں ساؤنڈ سسٹم وغیرہ کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے بعد 6 گھنٹے کی محنت کے بعد ملزم اللہ رکھا کو گرفتار کر لیا گیا، جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا۔ ملزم کوٹ رادھا کشن کا رہائشی ہے اور ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے اس سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ڈی پی او محمد عیسیٰ خان نے کہا کہ اقلیتیوں کی حفاظت قصور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

