امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وینزویلا سے 30 سے 50 ملین بیرل اعلیٰ معیار کا تیل امریکا منتقل کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تیل امریکا میں مارکیٹ قیمت پر فروخت کیا جائے گا، جبکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو وہ خود کنٹرول کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رقم کو امریکی اور وینزویلا کے عوام کے فائدے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے امریکی انرجی سیکرٹری کرس رائٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کریں اور وینزویلا سے تیل کی ترسیل کو یقینی بناتے ہوئے اسے امریکی بندرگاہوں تک پہنچایا جائے۔
وینزویلا سے اعلیٰ معیار کا 50 ملین بیرل تیل امریکا لایا جائے گا: ٹرمپ کا اعلان
صدر ٹرمپ کے اعلان سے قبل غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ وینزویلا سے تیل امریکا برآمد کرنے کے لیے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان بات چیت ہو چکی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق وینزویلا سے خام تیل امریکا کی ریفائنریز کو برآمد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکا نے دسمبر کے وسط سے وینزویلا سے تیل کی درآمدات روک رکھی ہیں، تاہم حالیہ پیش رفت کو اس پالیسی میں ممکنہ تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ امریکی تیل کمپنیوں کے سربراہان وینزویلا میں سرمایہ کاری پر گفتگو کے لیے جمعرات کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے، جس سے توانائی کے شعبے میں اہم فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس اور وینزویلا کے حکام نے اس نئی پیش رفت پر تاحال کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا ہے۔

