فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ کا انتظام ایک آزاد فلسطینی ادارے کے حوالے کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ یہ فیصلہ صدر ٹرمپ کے غزہ امن کونسل بنانے کے بیان کے بعد کیا گیا۔
خبر رساں ادارے مڈل ایسٹ مانیٹر کے مطابق حماس نے غزہ کی پٹی کے تمام اداروں کو ایک آزاد فلسطینی ٹیکنوکریٹک باڈی کو مکمل اختیارات منتقل کرنے کی ہدایات دی ہیں اور واضح کیا کہ غزہ کے اداروں سے دستبردار ہونے کا فیصلہ حتمی ہے۔
حازم قاسم نے کہا کہ اختیارات کی منتقلی کا مقصد یہ ہے کہ ٹیکنوکریٹک اتھارٹی اپنے فرائض مؤثر طریقے سے انجام دے سکے۔ ان کے مطابق یہ قدم اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت غزہ میں جنگ بندی عمل میں آئی اور جس پر شرم الشیخ میں دستخط کیے گئے تھے۔
ترجمان نے یاد دلایا کہ فلسطینی دھڑوں نے پہلے غزہ کا انتظام عارضی فلسطینی کمیٹی کے حوالے کرنے پر اتفاق کیا تھا، جو آزاد شخصیات اور مقامی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ یہ اتفاق 24 اکتوبر کو قاہرہ میں ہونے والے اجلاس میں ہوا تھا۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل حماس کے سیاسی بیورو کے عہدیدار باسم نعیم نے کہا تھا کہ حماس غزہ میں بااختیار فلسطینی حکومت کے قیام کے بعد دستبردار ہونے کے لیے تیار ہے۔

