نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں سینئر معاونین نے صدر ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی فوجی کارروائی سے پہلے سفارتکاری کو موقع دیا جائے۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ ایران میں جاری مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے جواب میں ایران پر حملے پر غور کر رہے ہیں، تاہم نائب صدر چاہتے ہیں کہ پہلے سفارتکاری کا راستہ اپنایا جائے۔
امریکی اخبار نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا، فی الحال وہ ایران پر حملے کے حق میں ہیں لیکن ان کا رویہ بدلنے کا امکان موجود ہے۔
کچھ امریکی حکام کے مطابق صدر پہلے حملے کا حکم دے سکتے ہیں اور اس کے بعد ایران کے ساتھ مذاکرات پر غور ہو سکتا ہے۔
امریکی میڈیا کے دعوے کے مطابق وائٹ ہاؤس ایران کی جانب سے جوہری پروگرام کے حوالے سے مذاکرات کی پیشکش پر غور کر رہا تھا، جبکہ صدر ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی منظوری دینے پر بھی غور کر رہے تھے۔

