واشنگٹن: وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ معتبر ذرائع سے معلومات موصول ہوئی ہیں کہ ایران میں ہلاکتیں رک گئی ہیں اور مظاہرین کے خلاف پھانسیاں نہیں دی جائیں گی۔ اگر ایسا نہ ہوا تو امریکا سخت ردعمل دے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا، "ہمیں معتبر ذرائع سے بتایا گیا ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ معلومات درست ہیں۔” تاہم انہوں نے ایران کو دوبارہ خبردار کیا کہ مظاہرین کے خلاف تشدد جاری رکھنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
صحافی کے سوال پر کہ آیا ایران کے خلاف فوجی کارروائی اب خارج از امکان ہے، صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ ایران کے اقدامات کا جائزہ لیں گے، تاہم انہیں معتبر ذرائع سے مثبت معلومات موصول ہوئی ہیں۔
وینزویلا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وینزویلا میں راز افشا کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پینٹاگون کے ایک کنٹریکٹر کو وینزویلا آپریشن سے متعلق خفیہ معلومات لیک کرنے پر حراست میں لیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کو گرین لینڈ کی ضرورت ہے اور گرین لینڈ سے متعلق مستقبل میں ہونے والے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں دنیا میں تجارت کے ذریعے آٹھ جنگوں کو روکا گیا۔

