امریکا نے ایک بار پھر ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران میں جاری قتل و غارت کو روکنے کے لیے تمام آپشنز زیرِ غور ہیں۔
ایران کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی مندوب نے کہا کہ لاکھوں ایرانی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور امریکا ایران کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
امریکی مندوب نے ایران کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران میں قتل و غارت روکنے کے لیے تمام آپشنز زیرِ غور ہیں، مظاہرین کا قتل عام فوری طور پر رکنا چاہیے، اور اگر یہ نہ رکا تو مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ باتوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔
امریکی مندوب نے ایران کے طرزِ عمل کو مذاکرات کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت نے مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے، اور اپنے ہی شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے عالمی امن اور سلامتی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
امریکی مندوب مائیک والٹز نے ایران میں انٹرنیٹ بندش کی خبروں کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ اقدام جان بوجھ کر زمینی حقائق کو دنیا سے چھپانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ایران کو مذہبی نظریات کے نام پر امریکا اور اسرائیل کی سلامتی کے لیے خطرہ اور دہشتگردی کی سرپرستی کرنے والا ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران کا طرزِ عمل نہ صرف اپنے عوام بلکہ عالمی استحکام کے لیے بھی خطرہ ہے، اور ایرانی رجیم کو موجودہ صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

