کراچی: ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی نے گل پلازہ سانحے کے بعد کہا ہے کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں آگ پر قابو نہ پا سکنا ایک افسوسناک سوالیہ نشان ہے۔
مفتی تقی عثمانی نے ایک بیان میں کہا کہ گل پلازہ واقعے میں بروقت مدد کیوں نہیں پہنچ سکی، اس کی بے لاگ اور شفاف تحقیق ضروری ہے۔ ان کے مطابق گل پلازہ میں آگ لگنے کا حادثہ قوم کے لیے انتہائی المناک اور شرمناک سانحہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چند گھنٹوں میں کتنی جانیں بے چارگی کا شکار ہو کر رخصت ہو گئیں، اور کتنے متوسط درجے کے تاجروں کا اربوں کا نقصان انہیں معاشی طور پر تباہ کر گیا۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ حفاظتی انتظامات کو فوری اور مؤثر انداز میں مضبوط بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
مفتی تقی عثمانی نے سانحے میں انسانی جانیں بچانے والوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر خدمت انجام دی، وہ قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو اعلیٰ درجات عطا فرمائیں اور آفت زدگان کو نعم البدل دیں۔

