میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت تمام دستیاب وسائل شہریوں کی مدد کے لیے بروئے کار لائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس افسوسناک واقعے پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے گھروں کا دورہ کیا اور لواحقین سے ملاقات کے دوران گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں شہریوں کے دکھ درد پر بھی سیاست کی جاتی ہے، جو نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گل پلازہ سانحے کے ذمہ داران کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور کسی کو بھی غفلت یا لاپرواہی کی بنیاد پر بچنے نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے گی اور اس طرح کے واقعات کے تدارک کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مستقبل میں کسی اور خاندان کو ایسے سانحے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ ہفتے 17 جنوری کی رات شہر کے مشہور گل پلازہ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی۔ آگ لگنے کے اس واقعے نے شہر بھر میں سوگ کی فضا قائم کر دی تھی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سُمعیہ طارق کے مطابق اب تک 71 لاشیں اور انسانی باقیات اسپتال منتقل کی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 22 جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جن میں سے 6 لاشیں قابلِ شناخت حالت میں تھیں، جب کہ 15 لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ممکن ہو سکی ہے۔ شناخت کے مزید مراحل جاری ہیں۔

