رحیم یار خان میں جرائم کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بدنام زمانہ ڈاکو چھوٹو کوش نے اپنے 21 ساتھیوں سمیت پولیس کے سامنے سرنڈر کر دیا۔
ڈی پی او رحیم یار خان کے مطابق چھوٹو کوش کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر تھی، جبکہ وہ طویل عرصے سے پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرنڈر کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔
ڈی پی او عرفان علی سموں نے بتایا کہ مجموعی طور پر اب تک 106 ڈاکو ہتھیار ڈال چکے ہیں، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرنڈر کرنے والے ان ڈاکوؤں میں سے کئی ایسے تھے جن کے سروں کی قیمت 25 لاکھ روپے سے لے کر ایک کروڑ روپے تک مقرر تھی۔
پولیس حکام کے مطابق سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کے خلاف قانونی کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے گی، جبکہ مزید مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی آپریشنز جاری رہیں گے۔

