پاکستان نے بھارت میں نیپاہ وائرس پھیلنے کے بعد ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
تمام ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی سرحدوں پر سخت اسکریننگ کا حکم دیا گیا ہے اور ہر آنے والے یا ٹرانزٹ مسافر کی 100 فیصد اسکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے۔ مسافروں کی گزشتہ 21 دن کی مکمل سفری ہسٹری کی تصدیق بھی کی جائے گی۔
نیپاہ وائرس سے متاثرہ یا ہائی رسک علاقوں سے آنے والے افراد پر خصوصی نگرانی کی جائے گی، اور تھرمل اسکریننگ اور طبی معائنہ ہر مسافر کے لیے لازمی ہوگا۔ کسی بھی فرد کو کلیئرنس کے بغیر پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ نیپاہ وائرس کے علامات میں بخار، سانس لینے میں دشواری، سر درد اور جسم میں کمزوری شامل ہیں۔ وائرس متاثرہ جانوروں اور انسانی رابطے کے ذریعے منتقل ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں کم از کم 5 نیپاہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

