آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں فاسٹ بولر حارث رؤف کے منتخب نہ ہونے پر آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک اور ایرون فنچ نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔
ایک پروگرام میں بی بی ایل میں شاندار پرفارمنس کے باوجود حارث رؤف کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر سوال کیا گیا، جس پر ایرون فنچ نے کہا کہ انہیں بھی کافی حیرت ہوئی۔ فنچ نے کہا کہ حارث رؤف ٹیم میں ایکس فیکٹر لے کر آتے ہیں، بس کبھی کبھار وہ تھوڑے مہنگے ثابت ہوتے ہیں۔
مائیکل کلارک نے کہا کہ انہیں بھی حارث رؤف کی سلیکشن نہ ہونے پر حیرت ہوئی، لیکن آسٹریلیا میں کھیلنا سری لنکا اور بھارت میں کھیلنے سے مختلف ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اسکواڈ تشکیل دیتے وقت کھلاڑی کی فارم، رول اور کھیل کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ کلارک کے مطابق بی بی ایل میں حارث رؤف کا رول یہاں لاگو نہیں ہوتا، اور ٹورنامنٹ کے لیے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو اچھی فارم کے ساتھ لانا سب سے اہم ہوتا ہے۔
حارث رؤف نے خود بھی کہا کہ کھلاڑی پر تنقید اور کھلاڑی سے بدتمیزی میں فرق ہوتا ہے، اور بعض اوقات لوگ یہ لائن کراس کر دیتے ہیں۔

