دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کی دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ ہر مہینے کئی نئے ماڈلز مارکیٹ میں پیش کیے جاتے ہیں، جنہیں دیکھ کر صارفین کو اپنا پرانا فون تبدیل کرنے کی خواہش ہوتی ہے۔ ایسے میں پرانا فون بیچنا ایک عام بات ہے، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ بغیر احتیاط کے فون فروخت کرنا آپ کی پرائیویسی اور آن لائن سیکیورٹی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے؟
ہر اسمارٹ فون میں ہماری ذاتی معلومات، تصاویر، ای میلز، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور بینکنگ ڈیٹیلز جیسا حساس ڈیٹا موجود ہوتا ہے۔ اگر یہ معلومات کسی غلط شخص کے ہاتھ لگ جائیں تو اس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔
لہٰذا، اگر آپ اپنا پرانا اسمارٹ فون بیچنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو چند ضروری احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔ سب سے پہلے اپنے فون میں موجود تمام اہم ڈیٹا کو محفوظ کریں۔ گوگل ڈرائیو، گوگل فوٹوز، جی میل اور کانٹیکٹس جیسی سروسز کے ذریعے ڈیٹا کو کلاؤڈ میں بیک اپ کرنا آسان اور محفوظ طریقہ ہے۔ اگر آپ کلاؤڈ استعمال نہیں کرتے تو اپنے فون کو کمپیوٹر سے جوڑ کر ضروری فائلز کو کاپی کر لیں۔
اس کے بعد، تمام آن لائن اکاؤنٹس سے لاگ آؤٹ کریں۔ گوگل، فیس بک، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا یا بینکنگ ایپس سے سائن آؤٹ کرنا ضروری ہے تاکہ کوئی دوسرا شخص آپ کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔ اگر آپ کے فون سے کوئی ڈیوائس جیسے وائرلیس ہیڈفونز یا اسمارٹ واچز منسلک ہیں تو انہیں بھی Unpair کرلیں تاکہ نئی ڈیوائس پر کنکشن میں آسانی ہو۔
پرانے فون سے سم کارڈ اور میموری کارڈ نکالنا نہ بھولیں، کیونکہ اکثر افراد جلد بازی میں یہ اہم مرحلہ چھوڑ دیتے ہیں۔ جب تمام ڈیٹا محفوظ ہو جائے اور اکاؤنٹس سے لاگ آؤٹ کر لیا جائے تو فون کو فیکٹری ری سیٹ کر دیں۔ یہ عمل فون کو اس کی ابتدائی حالت میں واپس لے آتا ہے، جیسے جب آپ نے پہلی بار اسے خریدا تھا۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ فون کے ڈیلیٹ شدہ ڈیٹا کو کسی بھی صورت میں دوبارہ ریکور نہ کیا جا سکے تو ایک اضافی قدم کے طور پر، فون کی اسٹوریج میں بڑی بڑی بیکار فائلز جیسے ویڈیوز محفوظ کریں اور پھر دوبارہ فیکٹری ری سیٹ کریں۔ اس سے پرانا ڈیٹا مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔
آخر میں، فون کو اچھی طرح صاف کریں اور اگر ممکن ہو تو اس کے ساتھ اصل باکس، چارجر یا دیگر لوازمات بھی شامل کریں تاکہ خریدار کو مکمل پیکج ملے اور آپ کو بہتر قیمت حاصل ہو۔
پرانا فون فروخت کرنا بظاہر ایک معمولی کام لگتا ہے، مگر اس میں تھوڑی سی احتیاط آپ کی ذاتی معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیے بہت اہم ہے۔ ان سادہ اقدامات پر عمل کرکے آپ خود کو کسی ممکنہ نقصان سے بچا سکتے ہیں اور نئے فون کا استعمال بھی بے فکری سے کر سکتے ہیں۔